پاکستانیوں کو فلموں میں ہمیشہ دہشت گرد دکھایا جاتا ہے، جمائما

لندن: جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا ہے کہ فلموں میں ہمیشہ ہی پاکستانیوں کو کسی دہشت گرد یا خودکُش بمبار کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔
برطانیہ کے میڈیائی ادارے اسکائی نیوز سے گفتگو میں پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر جمائما نے اپنی فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ سے متعلق بات چیت کی اور بتایا کہ یہ فلم ان کی اپنی زندگی کی عکاسی کرتی ہے۔
جمائما کے مطابق آنے والی فلم میں اسلاموفوبیا جیسے مسئلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
انہوں نے اسکائی نیوز سے گفتگو میں کہا، فلموں میں مسلمانوں کی مثبت تصویر بہت کم دکھائی جاتی ہے، پاکستانیوں کو ہمیشہ دہشت گرد یا خودکُش بمبار کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔
برطانوی پروڈیوسر نے اپنے بچوں کے ساتھ سفر کے تجربے کا تذکرہ کیا اور کہا میں جب بھی بیٹوں کے ساتھ کسی دوسرے ملک جاتی ہوں، خاص طور پر امریکا، تو انہیں پاکستانی ناموں کی وجہ سے غیر معمولی پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا، جب سفر کے لیے ایئرپورٹ جاتے ہیں تو پرواز پر بیٹھنے سے قبل کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، اس کے برعکس مجھ سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوتی۔
برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما نے بتایا کہ ایسی فلم بنانا بہت مشکل ہے جہاں امریکا میں اچھے مسلمان ہوں، میرے خیال میں اسلاموفوبیا نسل پرستی کتنا بڑا اور ایک حقیقی مسئلہ ہے۔
اس کے علاوہ جمائما نے اس انٹرویو میں اپنی خاص سہیلی برطانوی شہزادی ڈیانا کی شادی سے متعلق بھی گفتگو کی، انہوں نے بتایا کہ شہزادہ چارلس کے ساتھ ڈیانا کی شادی ارینج میرج تھی۔
انہوں نے فلم بنانے کا ایک اور سبب شہزادی ڈیانا کو بھی قرار دیا۔
دھیان رہے کہ جمائما کی فلم میں پاکستانی اداکارہ سجل علی سمیت بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی بھی ہیں، یہ فلم 24 فروری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

Interviewjemima goldsmithMuslimsPakistan