جہانگیر ترین کی سات ماہ بعد وطن واپسی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین 7 ماہ بعد لندن سے براستہ دبئی لاہور پہنچ گئے۔
تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین 7 ماہ بعد لندن سے براستہ دبئی لاہور پہنچے، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علاج کی غرض سے باہر گیا تھا، 7 سال سے ہر سال علاج کے لیے باہر جاتا ہوں، اپوزیشن کا کام ہے الزام لگانا لہٰذا جواب دینا ضروری نہیں جب کہ اللہ کا شکر ہے میرا تمام کاروبار صاف شفاف ہے۔
واضح رہے کہ رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین 7 ماہ بعد وطن واپس آئے ہیں، ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے لندن میں کوئی سیاسی ملاقات نہیں کی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ہماری شوگر ملز 10 نومبر کو گنے کی کرشنگ شروع کرنے کے فیصلے کے خلاف کسی بھی عدالتی پٹیشن کا حصہ نہیں، میری تمام 6 شوگر ملز، بشمول ان کے جو سندھ میں واقع ہیں، 10 نومبر سے کرشنگ کا آغاز کردیں گی جب کہ جے ڈی ڈبلیو گروپ چینی کی قلت ختم کرنے اور قیمت میں کمی لانے کے لیے حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔

#JehangirTareen