جاوید میاں داد کی وزیراعظم پر کڑی تنقید!

کراچی: عظیم بلے باز جاوید میانداد نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا کپتان تھا، آپ میرے کپتان نہیں تھے، میں سیاست میں آؤں گا اور بتاؤں گا کہ سیاست کیا ہوتی ہے۔ اب میں سیاست پر بھی بات کروں گا، صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہوں گا، کرکٹ میں عمران خان کو چلانے والا میں تھا، میں نے عمران کو وزیراعظم بنوایا تھا۔
گزشتہ روز اپنے یوٹیوب چینل پر ایک انٹرویو میں 1992 کے ورلڈکپ ٹیم کے اہم رکن جاوید میاں داد نے کہا کہ اللہ معاف کرے آپ پتا نہیں کیا بن گئے۔ لگ رہا ہے آپ خدا بنے بیٹھے ہو۔ آپ کے علاوہ کوئی پاکستانی آکسفورڈ اور کیمبرج گیا ہی نہیں ہے۔ جن لوگوں کو پی سی بی میں لائے ہیں ان کے بارے میں سوچیں کہ کون کھاتا ہے اور کون نہیں،عمران خان کو ملک کا خیال ہی نہیں ہے۔
انہوں نے احسان مانی کا نام لیے بغیر کہا کہ مجھے پتا ہے کہ اس نے آپ کی کیا مدد کی تھی۔ آپ میرے گھر آکر وزیراعظم بن کر گئے تھے۔ وزیراعظم اس کی تردید کرکے دکھائیں۔ میرے دوست اب مجھے طعنے دیتے ہیں۔
میانداد نے کہا کہ مجھے نہ آپ سے ملنے کی ضرورت ہے اور نہ آپ کے پاس آنے کی ضرورت۔ میں سب کو کہتا ہوں کہ پاکستانی بن کر رہو۔ سرفراز احمد کے ساتھ سلوک درست نہیں۔ کراچی اور لاہور کی کرکٹ میں دوبارہ باتیں ہورہی ہیں یہ نقصان دہ چیز ہے۔
جاوید میاں داد نے کہا کہ میں پاکستان آرمی کا شکر گزار ہوں جس نے ملک کو متحد رکھا ہوا ہے۔
جاوید میانداد نے کہا کہ عمران خان روزگار دے نہیں سکتے، کھلاڑیوں کو بے روزگار کردیا۔ کھلاڑی مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ جیو اور جینے دو، پاکستانیوں اور پاکستان کو فروغ دو۔ میری بات پوری دنیا میں سنی جاتی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عظیم کرکٹرز اور قابل کرکٹ ایڈمنسٹریٹرز موجود ہیں پھر بیرون ملک سے لوگوں کو پاکستان لاکر کرکٹ چلانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
جاوید میاں داد نے کہا کہ پی سی بی میں جاہل لوگ بیٹھے ہیں جنہیں کرکٹ کا پتا نہیں ہے۔ ایسے لوگوں کو کرکٹ کی الف ب کا پتا نہیں ہے۔ جو ملک کے لیے غلط کریں گے میں انہیں نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا براہ راست نام لینے سے گریز کیا اور کہا کہ اگر وہ چوری کرکے بھاگ جائیں گے تو انہیں کون پکڑے گا۔ اگر پاکستان میں قابل لوگ نہیں ہیں تو پھر آپ باہر سے ضرور لائیں۔

Imran KhanJaved miandadPakistan