اسلام آباد: اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان کی کمر کے مہروں کا آپریشن کامیاب ہوگیا۔
اسلام آباد کے نجی اسپتال میں اسکواش کے عظیم کھلاڑی کی کمر کے مہروں کا آپریشن کیا گیا۔ جان شیر خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی محنت اور لگن سے میرا آپریشن کامیاب ہوا۔ قوم، دوستوں، رشتے داروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے لیے خصوصی دُعائیں کیں اور پیغامات بھیجے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک سال سے مجھے نماز، واک اور اسکواش کرتے ہوئے کمر میں شدید درد ہوتا تھا مگر مجھے اُس درد کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت اور برداشت تھی مگر کچھ عرصے سے درد ٹانگوں میں اُتر آیا تھا۔
اُن کا مزید کہنا تھا دس سال نمبر 1 رہنا اور ریکارڈ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میں دن رات محنت کرتا تھا، جس کی وجہ سے اپنی صحت کو مکمل وقت نہ دے سکا، جس کے نتیجے میں میرے گھٹنوں اور کمر میں پرابلم ہوئی۔