کوئٹہ: نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کی نوٹنکی لگانے والے افراد بھی بری طرح بے نقاب ہوگئے۔
جان اچکزئی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کی سلامتی اورخودمختاری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا، پاک افواج نے آرمی چیف کی قیادت میں قوم کا سرفخر سے بلند کردیا ہے، اس ایکشن سے بھارت کی دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہورہا ہے، علیحدگی پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے افراد ایران میں بھارت سے سازباز کرکے پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے تھے، پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان میں دشمن قوتیں اندرونی خلفشار میں ناکامی کے بعد بیرونی مداخلت کی کوشش کررہے تھے، اس بارے میں مسلسل قوم کو آگاہ کرتے رہے ہیں۔
بلوچستان کے نگراں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پہلے بھی واضح کیا تھا کہ دشمن کبھی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوگا، ہم ہر جگہ دشمن قوتوں کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو عام معافی دلواکر قومی دھارے میں لارہے ہیں۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی دھرنا دینے والی خواتین کو مذاکرات کی پیشکش کی، اسلام آباد میں گمشدہ بلوچوں کی نوٹنکی لگانے والے افراد بھی بری طرح بے نقاب ہوگئے۔