جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل امیرالعظیم کینسر کے باعث انتقال کرگئے

لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم انتقال کرگئے۔
ترجمان جماعت اسلامی نے امیر العظیم کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امیر العظیم طویل عرصے سے علیل اور کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
امیر العظیم 1958 میں لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
امیر العظیم پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے منتخب صدر رہے اور اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ بھی رہے۔
زمانہ طالب علمی میں امیر العظیم نے ضیاء الحق دور میں طلبہ یونین کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اور اس کے لیے جیل کی سزا بھی کاٹی۔
امیر العظیم طویل عرصہ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات بھی رہے۔ 2019 میں سراج الحق اور 2024 میں حافظ نعیم الرحمان نے مرکزی مجلس شوریٰ کے مشورے سے انہیں مرکزی سیکریٹری جنرل مقرر کیا۔