حکومت سازی میں پی ٹی آئی کیساتھ تعاون نہیں کرسکتے، جماعت اسلامی

پشاور: خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کے ساتھ حکومت سازی میں تعاون کرنے سے انکار کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون نہیں کرسکتے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا پی ٹی آئی سے بات چیت دونوں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے متعلق تھی، لیکن پی ٹی آئی نے وفاقی سطح پر کسی اور جماعت کے ساتھ اتحاد کیا ہے، اس لیے صرف خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی نمائندگی نہیں رہی جس کی وجہ سے اب ان کے ساتھ حکومت بنانے کا کوئی جواز نہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ صرف کے پی میں حکومت سازی پر بات چیت چل رہی تھی۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حکومت سازی کے لیے قانونی طریقہ کار کو دیکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی کے لیے رابطوں کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کےاحترام میں اگر ضرورت پڑی تو جماعت اسلامی پی ٹی آئی کا ساتھ دے گی۔

Jamaat e IslamiJamaat Refused to cooperate Govt FormationPTI