کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل اور شہر جلال آباد میں ہونے والے دھماکوں میں 3 طالبان اہلکار جاں بحق اور 20 سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں سڑک کنارے نصب بم اُس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے گشت پر مامور طالبان رینجرز کی گاڑی گزر رہی تھی۔
دھماکے میں 3 طالبان اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ 20 افراد زخمی ہیں جن میں زیادہ تعداد شہریوں کی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ادھر کابل ميں ہزارہ برادری کے اکثریتی علاقے تیرہ میں زوردار دھماکا ہوا ہے۔ جائے وقوعہ کی جانب ایمبولینس کو جاتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ پولیس اور طالبان اہلکاروں نے حادثے کی جگہ کا گھیراؤ کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ بم کا ہے جس میں 2 سے زائد افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تاحال کسی گروپ نے دونوں دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔