کراچی: ڈرامہ انڈسٹری میں نیا تنازع مزید شدت اختیار کرتا نظر آتا ہے، گزشتہ دنوں یاسر نواز نے اپنی اہلیہ ندا یاسر کے حق میں بیان دیا تھا۔
ندا یاسر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق اپنے ایک بیان کی وجہ سے خبروں میں تھیں، جسے عوام نے نامناسب قرار دیا تھا۔
شدید عوامی ردِعمل کے بعد ندا یاسر نے اس بیان پر معذرت بھی کرلی تھی، تاہم اداکارہ فضا علی اُن شخصیات میں شامل تھیں جنہوں نے ندا یاسر کے مؤقف سے اختلاف کیا۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز نہایت محنتی لوگ ہوتے ہیں اور اگر انہیں تھوڑی سی ٹِپ دے دی جائے تو اس سے کسی کو نقصان نہیں ہوتا، اس لیے ان پر پیسے ہڑپ کرنے جیسے الزامات لگانا درست نہیں تھا۔
اسی تنقید کے بعد یاسر نواز میدان میں آئے اور کہا کہ فضا علی بلاوجہ ان کی اہلیہ کو نشانہ بنارہی ہیں۔
اب فضا علی نے ایک بار پھر یاسر نواز کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک حقیقی مرد کبھی کسی عورت پر حملہ نہیں کرتا۔
ان کے مطابق یہ اختلاف دو خواتین کے درمیان تھا اور کسی مرد کا اس بحث میں کودنا مناسب نہیں، عورتوں کی باتوں میں جو بولے، وہ مرد نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ فارغ نہیں بیٹھیں بلکہ اپنے کام پر توجہ دے رہی ہیں اور حقیقی سماجی مسائل پر بات کرتی ہیں۔
اس پورے معاملے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین فضا علی کے مؤقف کی حمایت کررہے ہیں جب کہ کچھ یاسر نواز کو بیوی کا ساتھ دینے پر سراہ رہے ہیں۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ تنازع اب ختم ہونا چاہیے۔