غزہ پر اسرائیلی بم باری نہ رُک سکی، مزید 30 فلسطینی شہید!

غزہ/ مقبوضہ بیت المقدس: دہشت گرد ریاست اسرائیل نے غزہ پر ایک بار پھر خوف ناک بم باری کی ہے، جس سے مزید 30 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیل کی حالیہ دہشت گردی کی لہر میں شہدا کی تعداد 200 پہنچ گئی ہے۔
شہدا میں 58 بچے اور 34 خواتین شامل ہیں۔ ہزاروں لوگ زخمی ہیں جن میں 366 بچے بھی ہیں۔ بچوں کی بہبود کی عالمی تنظیم سیودی چلڈرن کے مطابق غزہ میں ہر گھنٹے میں 3 بچے اسرائیلی بم باری میں زخمی ہورہے ہیں۔
غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فضائی حملے دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئے ہیں اور شہر آہستہ آہستہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔ بم باری اور میزائل حملوں سے کوئی محفوظ نہیں۔
رہائشی عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں اور ہزاروں لوگ مہاجر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، جہاں پر بھی وہ سلامت نہیں کیونکہ صہیونی ریاست کی جانب سے ان کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب غزہ سے حماس نے اسرائیل پر راکٹ فائر کیے، جس میں اسرائیل میں اب تک 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں غزہ کی صورت حال پر گفتگو کی گئی، لیکن یہ اجلاس ناکام ہوگیا اور اسرائیل کو روکنا تو دُور کی بات سلامتی کونسل ایک مشترکہ اعلامیہ تک جاری نہ کرسکی۔ چین نے بتایا کہ امریکا نے سلامتی کونسل کو مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا۔

30 martyredBombingGazaIsrael attackpalestine