لبنان پر اسرائیلی بمباری: خواتین، بچوں سمیت 558 شہید، 1600 زخمی

تل ابیب/ بیروت: لبنان میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 558 افراد شہید اور 1600 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اسرائیلی فوج نے اندھا دھند بم برسادیے، جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی کہ اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والوں کی تعداد 558 ہوگئی ہے جبکہ 1600 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔
شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ متعدد گھر بھی تباہ ہوگئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیروت میں ہونے والے فضائی حملے میں حزب اللہ جنوبی ریجن کے کمانڈر علی کرکی شہید ہوئے۔ لبنان میں ہونے والی فضائی کارروائیوں میں 58 خواتین، 36 بچے اور 2 پیرامیڈیکس اسٹاف اور 2 طالبات بھی شہید ہوئی ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقے ملبے کا ڈھیر بن گئے جب کہ وہاں سے سیکڑوں شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی۔
دھیان رہے کہ آج صبح ہی اسرائیلی فوج نے لبنانی شہریوں کو ٹیکسٹ میسیجز بھیجے تھے جس میں انہیں حزب اللہ کے زیر استعمال گھروں اور عمارات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
حملوں سے قبل سائرن بھی بجائے گئے اور پھر آسمان سے ہر جانب سے بم معصوم شہریوں پر گرنے لگے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

 

558 MartyrsBombingIsrael attackLebanon