اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت قرار

اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے ملک پر دباؤ کی میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیراعظم عمران خان پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت ہیں، وزیراعظم واضح کہہ چکے کہ فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔
ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے اس بات پر زور دیا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن پر مبنی ہے، وزیراعظم کے واضح مؤقف کے بعد بے بنیاد قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں اور دارالحکومت القدس پر مشتمل فلسطین کا حامی ہے، پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔
خیال رہے کہ بحرین، متحدہ عرب امارات اور سوڈان اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں۔

AmericaForeign ministryisrael