دمشق: شام کے مضافات میں اسرائیل کی جانب سے بم باری کی گئی، نتیجے میں چند عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، تاہم جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام کے مضافات میں ایک دیہات پر کئی میزائل داغے۔ شام کے کسی علاقے میں اسرائیلی فوج کا رواں ہفتے یہ دوسرا بڑا حملہ ہے، تاہم حملے میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
شامی حکومت نے تصدیق کی کہ اسرائیل کے جنگی طیاروں نے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں عسکری تنصیبات اور اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ عسکری تنصیبات ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کی تھیں۔
ادھر اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ ذکیہ نامی دیہات میں اُن عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا، جہاں سے ہم پر حملے کیے گئے تھے، تاہم اسرائیلی فوج نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
خیال رہے کہ اسرائیل شام میں ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا آیا ہے، تاہم ایسا چند بار ہی ہوا کہ ان حملوں کی ذمے داری بھی قبول کی ہو۔