غزہ: اسرائیل کی درندہ صفت فوج نے غزہ میں انسانی امداد کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں اس کے 5 امدادی ٹرکوں اور 2 گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جن میں زندگی بچانے والی ادویہ بھی شامل تھیں جب کہ اسرائیلی حملے میں 2 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب جی سیون ممالک کے سفارت کاروں نے اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کی ہے اور اسرائیل کے اپنے دفاع میں حملوں کو اس کا حق قرار دیا ہے۔
جی سیون ممالک کے سفارت کاروں کے ٹوکیو میں اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں انسانی بنیادوں پر حملوں میں وقفے اور غزہ کی پٹی پر عام شہریوں کو فوری امداد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں فلسطین میں پھنسےعام شہریوں کی مدد، کھانا، پانی، طبی امدادی اور پناہ گاہوں کے لیے فوری ایکشن پر بھی زور دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سمیت برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، جاپان اور اٹلی کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر حملوں میں وقفے کی حمایت کی۔
ادھر غزہ پر ایک ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور قریباً 26 ہزار زخمی ہیں جب کہ شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی شامل ہے۔