راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے کو ناکام بناکر خودکُش بمباروں سمیت تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خوارجی عناصر نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کی، حملہ آوروں نے کنٹونمنٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملہ کرنے والے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں میں 4 خودکُش حملہ آور بھی شامل تھے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید جھڑپ میں 5 بہادر جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے جب کہ خودکُش دھماکوں سے چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، دھماکوں اور فائرنگ سے قریب واقع ایک مسجد اور ایک رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئیں، مسجد اور عمارت کے متاثر ہونے سے 13 بے گناہ شہری شہید اور 32 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خفیہ اطلاعات سے ثابت ہوا ہے کہ حملے میں افغان شہری ملوث تھے، شواہد ہیں حملے کی منصوبہ بندی اور قیادت افغانستان میں موجود خوارج سرغنوں نے کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمے داریاں نبھائے گی، توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی، پاکستان سرحد پار سے آنے والے خطرات پر ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں، ہر قیمت پر اپنی قوم کی حفاظت کے لیے ہمارا عزم مضبوط ہے۔