سرحد پار ٹی ٹی پی ٹھکانوں پر تشویش، حملوں کا مؤثر جواب دیں گے: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو کوئٹہ گیریژن کے دورے کے موقع پر ژوب میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ژوب حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور دہشت گرد حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلح افواج کو افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے محفوظ ٹھکانوں پر تشویش ہے، اس قسم کے حملے ناقابل برداشت ہیں، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر جوابی کارروائی ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کی دہشت گرد کارروائیوں اور افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی محفوظ پناہ گاہوں پر اظہار تشویش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ امید تھی کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے گی، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا ناقابل برداشت ہے، پاکستانی افواج دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ کر چھوڑیں گی۔

AfghanistanAttackISPRTTP