راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت دی ہے کہ محرم میں عوام کی سیکیورٹی اور تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں، جب کہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر ہر ممکن احتیاطی تدابیر کی جائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت آج کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں جیو اسٹریٹجک اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا اور ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سول انتطامیہ سے تعاون اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاروں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فورم نے ایل او سی، پاک افغان بارڈر اور داخلی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا جب کہ شرکا نے افغان مفاہمتی عمل میں پیش رفت کو سراہا۔
سندھ اور بلوچستان کی سیلابی صورت حال کی صورتحال پر فوری ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج نے کہا کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں۔