اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کی دھرنے کی کال کے بعد 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے۔
وفاقی پولیس کے سینئر افسر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ مظاہرین کو کسی صورت ریڈ زون میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ فیض آباد فلائی اوور اور اسلام آباد چوک سمیت تمام داخلی راستوں پر نفری لگادی گئی ہے جب کہ ریڈ زون جانے والے انٹری پوائنٹس پر بھی بھاری نفری تعینات ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ترنول، بھارہ کہو، سہالہ میں ٹی چوک، ایکسپریس وے پر پولیس نفری لگادی۔ دھرنا یا احتجاج کی کال کے بعد ابھی تک کوئی گرفتاریاں نہیں کی گئی ہیں۔ ریڈزون کو سیل کرنے کے لیے کنٹینرز پہنچادیے گئے ہیں اور شہر کے داخلی راستے جزوی طور پر بند کردیے گئے ہیں۔