اسحاق ڈار کو خزانہ اور خواجہ آصف کو دفاع کا قلمدان ملنے کا امکان

اسلام آباد: گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اپنے عہدے کا حلف اُٹھاچکے، اب نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے، جمعرات کو وفاقی کابینہ کی تشکیل کا امکان ہے، پارٹی کی سینئر قیادت کابینہ کا حصہ ہوگی۔
نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے پر غور جاری ہے، مذہبی امور کا قلم دان سردار یوسف کو، آئی ٹی کا قلم دان انوشہ رحمٰن کو ملنے کا امکان ہے۔
اسی طرح عطاء اللہ تاڑر کو وزیر اطلاعات، احسن اقبال کو وزیر داخلہ یا پلاننگ کی ذمے داری اور خواجہ آصف کو وزارت دفاع کا قلم دان سونپے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کو کوئی اور اہم عہدہ ملنے کی صورت میں نجی بینک کے سربراہ کو مشیر خزانہ مقرر کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کو عشائیے کی دعوت دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے جمعرات کو تمام اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ ہوگا۔ مسلم لیگ ن اور تمام اتحادی پارلیمانی پارٹیوں کو وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا جائے گا۔

Cabinet formationFederal GovtIshaq Dar Finance MinisterKhawaja Asif Defence Minister