بغداد: بالآخر عراق نے چالیس سال بعد فیفا ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرلیا، انٹر کنفیڈریشن پلے آف میں بولیویا کو 1-2 سے شکست دے کر 40 سال بعد عراق فیفا ورلڈکپ میں حصہ لینے والی 48 ویں ٹیم بن گیا۔
مونتری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں ایمن حسین نے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کرکے عراق کو کامیابی دلائی، جس کے بعد وہ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں 11 جون سے 19 جولائی تک ہونے والے ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی 48 ویں اور آخری ٹیم بن گئی۔
فٹ بال ورلڈکپ کے گروپ آئی میں عراق کا مقابلہ فرانس، ناروے اور سینیگال سے ہوگا۔ عراق ایشیا کی جانب سے کوالیفائی کرنے والی نویں ٹیم ہے۔
عراق نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور دسویں منٹ میں علی الحمادی نے شاندار ہیڈر کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم پہلے ہاف کے وقفے سے قبل بولیویا کے موئیسز پانیگوا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
بولیویا نے اضافی وقت میں میچ لے جانے کے لیے آخری لمحات میں کئی کارنرز حاصل کیے مگر عراقی دفاع نے مضبوطی سے مقابلہ کیا اور کامیابی اپنے نام کرلی۔
واضح رہے کہ عراق اس سے قبل صرف ایک بار 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈکپ میں شریک ہوا تھا، جہاں اسے اپنے گروپ کے تمام میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔