ایران کے اسرائیل پر تابڑ توڑ حملے، اسرائیلی فوج نے ایران پر 230 بم گرادیے

تہران: رات بھر کی اطلاعات کے مطابق ایران کے مختلف مقامات بشمول دارالحکومت تہران میں شدید دھماکے ہوئے۔
اب اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ رات بھر کے حملوں میں 80 لڑاکا طیارے شریک تھے اور انہوں نے متعدد فوجی مقامات پر 230 بم گرائے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق نشانہ بنائے گئے مقامات میں پاسداران انقلاب کی فوجی یونیورسٹی، میزائل لانچ انفرا اسٹرکچر رکھنے والی اسٹوریج سائٹ اور بیلسٹک میزائل بنانے اور ذخیرہ کرنے کے لیے زیرِ زمین سہولتیں شامل تھیں۔
ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے تابڑ توڑ حملے جاری ہیں۔
قبل ازیں غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعہ کی درمیانی شب کے بعد سے ہفتہ کی صبح تک ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی پانچ لہریں بھیجی گئی ہیں۔ ان حملوں کے باعث لاکھوں اسرائیلی شہری رات بھر پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق محدود تعداد میں میزائل داغے گئے، جس کے باعث وسطی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ایران کے تازہ بیلسٹک میزائل حملوں میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ تمام میزائل فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیے اور کسی مقام پر براہِ راست گرنے کی اطلاع نہیں ہے۔