ایران نے امریکی و صہیونی اہداف پر سو سے زائد میزائل و ڈرونز داغ دیے

تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 89 ویں لہر کے تحت اسرائیل کے مختلف شہروں اور امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اور خطے کے مزاحمتی گروہوں نے مشترکہ اور مربوط کارروائی کرتے ہوئے اس لہر کو انجام دیا۔ اس دوران 100 سے زائد بھاری میزائل اور حملہ آور ڈرونز اور 200 راکٹ مغربی ایشیا کے وسیع علاقے اور مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے شمال سے جنوب تک مختلف اہداف پر داغے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ان کارروائیوں کے تحت ایلات، تل ابیب اور بنی براک سمیت مختلف مقامات پر اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس میں اسرائیلیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے بعد بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈے، جہاں مبینہ طور پر 80 اہلکار موجود تھے کو نہایت درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح العدیری بیس پر امریکی فوج کے ہیلی کاپٹر یونٹ پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک ہیلی کاپٹر تباہ جبکہ دیگر کو شدید نقصان پہنچا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ لہر بدستور پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور آئندہ پیش رفت سے متعلق مزید معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔