ایران جنگ میں ہمیں کسی مدد کی ضرورت نہیں، صدر ٹرمپ

واشنگٹن: ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران اتحادی ممالک کی جانب سے مدد کی درخواستیں مسترد ہونے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایک طاقتور ملک ہونے کے ناتے امریکا اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے نیٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اس وقت ایک بڑی غلطی کررہا ہے اور اسے اس صورت حال میں امریکا کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے آبنائے ہرمز سے متعلق کسی فوجی کارروائی میں شامل نہ ہونے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میکرون جلد عہدہ چھوڑ دیں گے۔
ٹرمپ نے جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک امریکا کے مؤقف سے متفق تھے، لیکن مشکل وقت میں انہوں نے عملی مدد فراہم نہیں کی۔
یاد رہے کہ برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، جاپان، جنوبی کوریا اور چین پہلے ہی آبنائے ہرمز سے متعلق کسی ممکنہ کارروائی میں شرکت سے انکار کرچکے ہیں۔

Donald trumpIran WarUS President