تہران: عراق میں تعینات امریکی سفیر پر ایران نے پابندی عائد کردی۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے امریکا کی جانب سے بغداد میں ایرانی سفیر کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد ردعمل میں امریکی سفیر پر پابندی عائد کی ہے۔
ایران نے عراق میں تعینات امریکی سفیر میتھیو ٹیولیر کے اقدامات کو ایران کے خلاف دہشت گردانہ عمل قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفیر میتھیو ٹیولیر سمیت دو امریکی سفارت کار ایرانی حکومت اور شہریوں کے مفادات کے خلاف منصوبہ بندی، فنانسنگ اور تخریبی عمل میں ملوث ہیں۔
ایران نے مزید الزام عائد کیا کہ امریکی سفارت کار ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث ہیں جن میں میتھیو ٹیولیر کے دو نائب بھی شامل ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ عراق کے لیے امریکی سفیر میتھیو ٹیولیر کا جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں مرکزی کردار تھا اور وہ ایرانی شہریوں کے خلاف پابندیاں لگارہے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسا نہیں کہ ایران مخالف اقدامات کا جواب نہیں دیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکا نے گزشتہ دنوں امریکی انتخابات میں مداخلت کا الزام عائد کرتے ہوئے ایران کے پانچ اداروں پر پابندی عائد کی تھی جب کہ بغداد میں ایرانی سفیر کو جنرل قاسم سلیمانی کا قریبی ساتھی قرار دیتے ہوئے بلیک لسٹ کیا تھا۔