امریکا، ایران جوہری معاہدے پر ورکنگ گروپ کے قیام پر متفق

ویانا: آسٹریا میں امریکا اور ایران کے درمیان عالمی جوہری معاہدے پر بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور کامیابی سے مکمل ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ویانا میں یورپی یونین کے توسط سے امریکا اور ایران کے درمیان عالمی جوہری معاہدے میں واپسی سے متعلق ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا، جس میں جوہری معاہدے کے دیگر فریقین نے بھی شرکت کی۔
امریکا اور ایران سمیت یورپی یونین اور جوہری معاہدے کے دیگر فریقین نے مذاکرات کے پہلے دور کو تعمیری اور مثبت قرار دیا جب کہ مذاکرات میں شامل تمام فریقین نے ایران پر عائد پابندیوں اور امریکا کی جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے ایک ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں امریکا اور ایران نے کہا کہ انہیں فوری طور پر کسی کامیابی کی توقع نہیں، تاہم ابتدائی بات چیت مثبت رہی اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک مثبت انداز میں پیش رفت جاری رکھیں گے۔
امریکا اور ایران کے درمیان 2018 سے جاری تناؤ کی وجہ سے خطے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے، جس کے خاتمے کے لیے یورپی یونین نے بیڑہ اُٹھایا ہے اور ویانا میں دونوں ممالک کے ساتھ جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن کے تمام رکن ممالک کو جمع کیا ہے۔ یہ معاہدہ بارک اوباما دور میں 2015 میں کیا گیا تھا اور ٹرمپ 2018 میں علیحدہ ہوگئے تھے۔

AmericaIrannuclear agreementWorking group