روم: انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (آئی او بی ایم)، کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ریحان نے روم میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس برائے اکنامکس، فنانس و بزنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی تحقیق پیش کی۔ یہ کانفرنس 25 سے 27 اگست تک انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سوشَل اینڈ اکنامک سائنسز (IISES) کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی۔
ڈاکٹر ریحان نے اپنے مقالے کا عنوان پیش کیا:
"کلائمیٹ ایکشن کے محرکات: گرین فنانس، انوویشن اور ٹریڈ اوپننس کے ذریعے ایس ڈی جی 13 کا ڈائنامک پینل تجزیہ”۔
تحقیق میں واضح کیا گیا کہ گرین فنانس، تکنیکی جدت اور تجارتی کھلے پن جیسے عوامل پائیدار ترقیاتی ہدف 13 (SDG 13: ماحولیاتی عمل) کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے نتائج اس بات پر زور دیتے ہیں کہ مربوط پالیسی اقدامات کے بغیر پائیدار ترقی اور معاشی استحکام ممکن نہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ریحان نے کہا: یہ میرے لیے اعزاز کی بات تھی کہ میں نے ایک اہم عالمی مسئلے پر اپنی تحقیق دنیا کے ماہرین کے سامنے رکھی۔ شرکاء کی آراء اور فیڈبیک سے میری آئندہ تحقیق کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے اپنی کامیابی میں صدر آئی او بی ایم، ڈین سی بی ایم پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف اور ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر سلمان سرور کی رہنمائی اور ادارے کی بھرپور حوصلہ افزائی کو بھی سراہا۔
بین الاقوامی کانفرنس میں مختلف ممالک کے محققین اور ماہرین نے شرکت کی، جہاں معیشت، مالیات اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات پر علمی و پالیسی مکالمہ ہوا۔
ڈاکٹر ریحان، جو ترکی سے پی ایچ ڈی کرچکے ہیں، پائیداری، ترقیاتی معیشت اور ماحولیاتی پالیسی پر تحقیقی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی شمولیت سے نہ صرف پاکستان بلکہ آئی او بی ایم کی عالمی سطح پر نمائندگی مزید مستحکم ہوئی ہے۔