سانحہ 9 مئی کے 14 کیسز کی تفتیش، عمران خان 10 مقدمات میں قصوروار قرار

لاہور: مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سانحہ 9 مئی کے 14 مقدمات کی تفتیش مکمل کرلی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو دس نامزد مقدمات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے 14 مقدمات کی تفتیش مکمل کرلی ہے۔ ذرائع جے آئی ٹی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف مرکزی مقدمہ 96/23 کا چالان دو ہزار صفحات پر مشتمل ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سوشل میڈیا سے متعلق 400 سے زائد شواہد ملے، گرفتار ملزمان کے بیانات اور نشان دہی پر چیئرمین کو گنہگار قرار دیا گیا۔

جے آئی ٹی حکام کے مطابق جناح ہاؤس حملے میں براہ راست ملوث 80 ملزمان کے بیانات میں سازش کا عنصر واضح ہوا، 9 مئی کے واقعات پر دوران تفتیش براہ راست سازش کے شواہد بھی ملے، چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے بیانات حالات سے متضاد پائے گئے۔

جے آئی ٹی کے مطابق دیگر 9 مقدمات میں بھی ٹھوس شواہد کی روشنی میں چیئرمین پی ٹی آئی گنہگار قرار پائے، 14 مقدمات کا چالان جلد عدالت میں جمع کروادیا جائے گا۔

10 cases guilty9th May IncidentImran KhanJITPTI Chairman