اسلام آباد: حکومت نے تمام ایئر لائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی۔
وفاقی دارامیڈیا کو بریفنگ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف نے بتایا کہ تمام ایئر لائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے، 27 جون سے جو مسافر پاکستان سے باہر جائے گا تو ایئرپورٹ پر اس کی اسکریننگ کی جائے گی اور پاکستان سے باہر جانے والے اگر بیمار ہیں یا ان میں علامات ہیں تو وہ ایئرپورٹ نہ آئیں۔
انہوں نے کہا ایسی بات نہیں ہے کہ پاکستان سے جانے والے ہر مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہو، پاکستان سے بیرون ملک جانے والے کچھ افراد میں کورونا مثبت آیا ہے، جس پر کچھ ممالک کے تحفظات ہیں۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی واپس آرہے ہیں اور وزیراعظم کی بھی ہدایات ہیں کہ بیرون ملک میں پھنسے محنت کشوں کو ترجیحی بنیادوں پر واپس لایا جائے، 26 سے 30 جون تک 270 پروازیں پاکستان آئیں گی جن کے ذریعے 40 سے 45 ہزار پاکستانی واپس آئیں گے، 2 سے 3 ہفتوں میں اپنے تمام بیرون ملک پاکستانیوں کو واپس لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جائیں، بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوگی، ذمے دار قوم کی حیثیت سے ہم اسکریننگ کا عمل سخت کریں گے، بیرون ملک جانے والے مسافر متعلقہ ملک کی پالیسی کے مطابق سفر کریں۔