عالمی امداد سیلاب زدگان کی بحالی میں اہم ہوگی، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ عالمی شراکت داروں کی امداد سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی میں اہم ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی، جس میں اہم دوطرفہ امور اور سیکیورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، برطانوی ہائی کمشنر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیا اور مشکل گھڑی میں برطانیہ کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے کردار ادا کروں گا۔
آرمی چیف نے برطانیہ کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی شراکت داروں کی امداد سیلاب زدگان کی مدد، بحالی میں اہم ہوگی۔

Army chief General Qamar javed BajwaFlood victimsInternational AidRehabilitationUK High Commissioner