لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف مفاہمت کی کوشش کرتے ہیں، مریم جھاڑو پھر دیتی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف بیانات دیے جارہے ہیں، مریم نواز پاک فوج کے خلاف بڑے خونی بیان دے رہی ہے، مریم نواز اداروں کے خلاف جو بیانات دے رہی ہیں وہ غیر ذمے دارانہ رویہ ہے، فوج جمہوریت کے ساتھ ہے، کل ان کی سیاست ختم ہوئی تو مریم نواز ذمے دار ہوں گی،
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا وقت گزر گیا، مریم نواز شہبازشریف کی محنت پر پانی پھیر دیتی ہیں، شہباز شریف مفاہمت کی کوشش کرتے ہیں مریم اس پر جھاڑو پھر دیتی ہیں، الیکشن کے قریب پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی نئی صف بندی دیکھ رہا ہوں، ن لیگ پاک فوج کے خلاف بیانیے کی سزا بھگت رہی ہے، نواز شریف کا پاک فوج کی بطور ادارہ عزت کرنے کا تاثر کھسیانی بلی کھمبانوچے کے مترادف ہے، پاکستان کے حساس اداروں کو نشانہ نہیں بناسکتے، پاک فوج قومی ذمے داریاں شاندار انداز میں نبھارہی ہے، حکومت کی مدد کرنا فوج کی ذمے داری میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پینڈورا لیکس میں جو بھی ملوث پایا گیا، ان کے خلاف کارروائی ہوگی، پینڈورا لیکس کے ذمے داران کے خلاف وزیراعظم انکوائری کا کہہ چکے، دو زمان پارک کو پینڈورا اسکینڈل میں ملوث کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، نتیجہ ٹائیں ٹائیں فش نکلا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کو ایک سازش کے تحت بدنام کیا جارہا ہے، مرے ہوئے لوگوں کی ویکسی نیشن کی خبروں کو سازش کے تحت ہوا دی جارہی ہے، این سی او سی کو دنیا بھرمیں کارکردگی کے باعث پذیرائی حاصل ہے۔