اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوئٹہ اور گوادر دھماکوں کے خودکُش بم بار افغانستان سے آئے، افغانستان میں بھارت کو سب سے زیادہ منہ کی کھانا پڑی، خطے میں افغانستان کی سیاست کا بہت عمل دخل ہوگا۔
شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی پناہ گزین کیمپ ہے نہ بنانے جارہے ہیں، افغانستان میں بھارت کے 66 کیمپ تھے، بھارت، را اور این ڈی ایس کو منہ کی کھانا پڑی، بھارت کو افغانستان میں شکست ہوئی، فوج دہشت گردوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، ہم افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کدھر جارہی ہے، اپوزیشن کو سمجھ ہی نہیں، پوری دنیا کے میڈیا میں افغانستان ٹاپ ٹرینڈ ہے، بلاول، شہباز شریف، فضل الرحمان کی کوئی سیاست نہیں رہ گئی، وہ عقل کے اندھے ہیں جو سمجھ رہے ہیں، اسلام آباد جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی دوستی پر فخر ہے، سی پیک پاکستان کی معاشی شہہ رگ ہے۔