وائس آف سندھ کے زیر اہتمام بین المذاہب سیرت نبی ﷺ کانفرنس

کراچی: رسول کریم ﷺ دو جہانوں کے لیے رحمت ہیں، اگر ہم رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کریں، تو کسی شخص میں آپ کی گستاخی کی جرأت نہ ہوگی، ہمیں اجتماعی آواز اٹھانی ہوگی، تاکہ ویٹی کن سے مذمتی بیان جاری ہو، وزیر اعظم کے خط کی اس ضمن میں خصوصی اہمیت ہے۔


ان خیالات کا اظہار وائس آف سندھ کے زیر اہتمام بین المذاہب سیرت نبی ﷺ کانفرنس میں ممتاز علمی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے کیا، اقرا یونیورسٹی اولڈ کیمپس میں منعقدہ اس کانفرنس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی معتبر شخصیات شریک ہوئیں۔


اس پروقار تقریب سے حلیم عادل شیخ، عامر خان، حنید لاکھانی، فردوس شمیم نقوی، خواجہ اظہار الحسن، رؤف صدیقی، ارشد وہرا، کامران علی خان، علامہ سید محمد طلال رضوی، ڈاکٹر احمد قادری، فادر نذیر جون، اشوک کمار سنجوانی، روی دوانی اور دیگر نے خطاب کیا اور رسول کریم ﷺ کی شخصیات اور تعلیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے فرانسیسی حکومت کے اقدام کی سختی سے مذمت کی۔


وائس آف سندھ کے پیٹرن اِن چیف، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما، ماہر تعلیم اور سربراہ بیت المال (سندھ )حنید لاکھانی نے خطاب کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی، عالم انسانیت کے لیے آپ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور فرانسیسی حکومت کی مذمت کی۔


تقریب میں ملک کے معروف نعت خواں حضرات نے رسول اللہ ﷺکی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جنھوں نے اس کانفرنس کو سراہا۔ تقریب کی نظامت احسن لاکھانی نے کی۔

#InterfaithSeeratunNabiConference#Voiceofsindh