کراچی: حکومت سندھ نے صوبے میں ایک سے دوسرے ضلع جانے والی انٹر سٹی بسوں کو چلانے کی اجازت دے دی۔ ملک کے دیگر شہروں کے لیے تاحال پابندی برقرار ہے۔
کورونا اور لاک ڈاون کی صورت حال میں انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر پابندی اٹھا لی گئی ہے۔ سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کو مشروط اجازت دے دی۔ ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں چلنے والی تمام مسافر گاڑیوں کو ایس او پیز کے تحت اجازت دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں مسافروں کو تین فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا، کوچ، وین اور بسز میں ماسک، سینی ٹائزر کا استعمال بھی لازمی ہوگا، تمام مسافر گاڑیاں سندھ حکومت کے مقرر کردہ بس اڈوں سے نکلیں گی۔
اویس شاہ نے کہا صرف سندھ کے ایک سے دوسرے ضلع کے لیے اجازت دی گئی ہے جبکہ ملک کے دیگر شہروں کے لیے پابندی تاحال برقرار ہے۔