کراچی: شہر قائد شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جب کہ اس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی اذیتیں بڑھائی جارہی ہیں۔
کراچی میں کے الیکٹرک نے بیشتر علاقوں میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ طور پر 12، 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف شہری شدید گرمی سے مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں، وہیں بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہورہی ہیں۔
میٹرک بورڈ کے امتحانات بھی کراچی میں جاری ہیں اور کئی علاقوں میں پرچوں کے دوران لوڈشیڈنگ کی اطلاعات بھی ہیں، دریں اثناء مسلسل کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا کاروبار تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔ یہاں تک کہ رات 12 بجے بھی مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے شہری سکون کی نیند کو ترس گئے ہیں۔
لوڈشیڈنگ سے جو علاقے زیادہ متاثر ہیں، ان میں لیاقت آباد، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، کیماڑی، لیاری، محمود آباد، ناظم آباد، گلشن اقبال، پی ای سی ایچ ایس، لائنز ایریا سمیت دیگر کئی علاقے شامل ہیں۔