اسلام آباد: پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کی کوششوں کے لیے مصروف عمل ہے، وفاقی دارالحکومت میں چین، ایران، روس اور تاجکستان کے انٹیلی جنس چیفس نے اہم ملاقات کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی سیکیورٹی صورت حال سے متعلق اسلام آباد میں ایران، روس، چین اور تاجکستان کے انٹیلی جنس چیفس نے ملاقات کی، ملاقات ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس ( آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی میزبانی میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں افغانستان کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ خطے میں دیرپا امن و سلامتی کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچے تھے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی کابل گیا تھا۔ جنرل فیض حمید کی کابل ایئرپورٹ پر تصویر بھی سامنے آئی، جس میں انہوں نے ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑا ہوا تھا۔
اس موقع پر کابل میں صحافی نے سوال پوچھا کہ آپ کو کیا لگتا ہے، افغانستان میں اب کیا ہوگا، اس پر جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا کہنا تھا کہ فکر نہ کریں سب اچھا ہوگا۔
کابل میں پاکستانی سفیر نے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم افغانستان میں امن واستحکام کے لیے کام کررہے ہیں۔