کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائیوں کا آغاز

شہداد کوٹ/ بنوں: کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے خبردار ہوجائیں کہ اب ویکسین نہ لگوانے پر اُن کے خلاف اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر سرکاری ملازمین کی معطلی اور تنخواہیں روکے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر 6 لیڈی پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا جب کہ معطل لیڈی کانسٹیبل کی تنخواہیں بھی روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کورونا ویکسین نہ لگوانے پر ضلع قمبر شہداد کوٹ پولیس کے 671 اہلکاروں کی تنخواہیں روک دی گئیں۔
ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ کے مطابق کورونا سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے والوں کی تنخواہیں حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت روکی گئی ہیں، جن اہلکاروں کی تنخواہیں روکی گئیں ان میں 37 انسپکٹر، 33 سب انسپکٹر، 27 اے ایس آئی، 68 ہیڈ کانسٹیبل، 506 کانسٹیبل اور دفتری عملہ شامل ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے پر اہلکاروں کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت اور این سی او سی نے سرکاری و نجی ملازمین کے لیے کورونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

action agains govt employeesCorona vaccine