انڈونیشیا کی آبدوز جنگی مشقوں کے دوران لاپتا

جکارتا: انڈونیشیا میں بحریہ کی ایک آبدوز جنگی مشقوں کے دوران لاپتا ہو گئی ہے۔ لاپتا ہونے والی آبدوز میں انڈونیشی بحریہ کے 53 اہلکار سوار ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشی حکام نے بتایا ہے کہ لاپتا ہونے والی آبدوز کی تلاش کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔یہ آبدوز بالی کے جزیرے کے شمال میں جنگی مشقیں کر رہی تھی لیکن ان مشقوں کے دوران ہی اس کا حکام سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

انڈونیشیا کی فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ آر آئی ننگالہ 402 آبدوز کی تلاش کے لیے جنگی جہازوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔ انڈونیشی حکام نے آسٹریلیا اور سنگاپور سے بھی آبدوز کی تلاش میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان ملکوں کی طرف سے اس بارے میں ابھی تک کچھ نہیں کہا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن ساختہ آبدوز بالی کے جزیرے سے 60 میل کے فاصلہ پر سمندر میں لاپتا ہے۔ انڈونیشیا کی بحریہ کے ایڈمرل جولیس وڈجونو نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ بحریہ تلاش کا کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس جگہ سمندر بہت گہرا ہے۔

انڈونیشی حکام کے مطابق اس آبدوز سے اس وقت رابطہ منقطع ہو گیا جب اسے زیادہ گہرائی میں جانے کی اجازت دی گئی۔ انڈونیشیا کی پانچ میں سے یہ ایک آبدوز ہے۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس آبدوز کو 1970 کی دہائی کے آخری برسوں میں بنایا گیا تھا جس کے بعد 2012 میں اس کی جنوبی کوریا میں دو سال تک مرمت کی گئی تھی۔