انڈونیشیا: روسی ماہر نے بوئنگ طیارے کو پُرتعیش بنگلہ بناڈالا

بالی: روسی ماہر نے بڑے بوئنگ طیارے کو شان دار بنگلے کے قالب میں ڈھال کر دُنیا کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔
انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے ایک پہاڑ پر اور سطح سمندر سے 150 میٹر بلندی پر واقع شاندار پرائیویٹ جیٹ وِلا دنیا کا سب سے خوبصورت تبدیل شدہ بوئنگ 737 طیارہ ہے۔
ویسے تو یہ کوئی غیرمعمولی واقعہ نہیں کیونکہ اس سے قبل بھی بہت سے ہوائی جہاز گھروں، ریستورانوں اور یہاں تک کہ عجائب گھروں میں تبدیل ہوچکے ہیں، لیکن روسی معمار فیلکس ڈیمن نے بوئنگ 737 کے ساتھ وہ کیا ہے جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔
فیلکس نے دیوہیکل طیارے کو بالی میں ایک پہاڑ کی چوٹی پر دو بیڈ روم والے پُرتعیش بنگلے میں تبدیل کیا ہے۔ اس منصوبے کو مکمل کرنے میں تین سال لگے جس میں طیارے کو دلکش مقام تک منتقل کرنے سے لے کر اسے تبدیل کرنے تک کے چیلنجز درپیش تھے۔
خوش قسمتی سے فیلکس ان رکاوٹوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے اور آج پرائیویٹ جیٹ ولا انڈونیشیا کے جزیرے پر مہنگی ترین قیمت میں دستیاب ہے، تاہم اس کے باوجود یہ سب سے زیادہ مطلوب رہائش گاہوں میں سے ایک ہے۔

Boeing PlaneConvert Luxurious VilaIndonesiaRussian Expert