لاہور: ٹینس کورٹ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف بڑی جنگ جیت لی۔
اس حوالے سے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے موقف پر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان نہ آنے کا بھارتی جواز مسترد کردیا ہے۔
انڈین ٹینس ایسوسی ایشن نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی پیروی کرتے ہوئے سیکیورٹی کا بہانہ بناکر بھارتی ٹینس ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ فروری میں اسلام آباد میں شیڈول ڈیوس کپ کو کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیا جائے۔
اس ایشو پر انٹرنیشنل ٹینس ڈیوس کپ انتظامیہ نے پندرہ رکنی کمیٹی بنائی تھی جس کے سامنے پاکستان نے موقف کی حمایت میں بھرپور دلائل پیش کرکے بھارتی جواز کو مسترد کرنے کی درخواست کی تھی۔
کمیٹی ارکان نے پاکستان میں سیکیورٹی معاملات پر اطمینان کا اظہار اور پاکستان کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے انڈین ٹینس ایسوسی ایشن کو ہدایت کی کہ وہ بھارتی ٹینس ٹیم کو ڈیوس کپ کے لیے پاکستان بھیجے۔ پاکستان ٹینس حکام نے موقف تسلیم کرنے پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا ہے۔