سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کردیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج اور پولیس نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا گیا۔
قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے تین نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ جارحیت پسند بھارتی فوج نے نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کو دینے سے انکار کردیا، جس پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔
بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کی، تاہم اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے جھوٹ کا پردہ فاش کردیا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارت فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے جب کہ کئی علاقوں میں تاحال کرفیو نافذ ہے اور انٹرنیٹ سروس سمیت بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔