کراچی: کرکٹ کی معروف ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہےکہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں جائےگی۔
کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو بتایا کہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کو کہا گیا ہے۔
دھیان رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے جس میں 8 ٹیموں نے شرکت کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی پیش رفت کے بعد آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو متبادل پلان پرکام کرنا ہوگا اور ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان اور یو اے ای میں میچز کرانا ہوں گے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ہائبرڈ ماڈل میں سری لنکا کا آپشن بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
اس دعوے پر ردعمل میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے اور بھارت کے نہ آنے کے باوجود ہم اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آرہی مگر بھارتی بورڈ نے ٹیم بھیجنے کے حوالے سے اب تک تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم کے نہ آنے کا تحریری طور پر بتایا گیا تو حکومت کے پاس جاؤں گا اور پھر حکومت جو فیصلہ کرے گی اس پرعمل کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 2 ماہ سے بھارتی میڈیا پر خبریں آرہی تھیں کہ بھارتی ٹیم نہیں آرہی، چاہتے ہیں کھیل میں سیاست نہ ہو، چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات ہوئی اور نہ ہوگی۔ پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی کے جذبات کا مظاہرہ کیا ہے مگر ہر دفعہ یہ توقع نہ رکھی جائے، اگر کوئی صورت حال ہے توپی سی بی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے۔