کراچی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کے خلاف آپریشن میں پاکستانی عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ "آپریشن بُنیان مرصوص” میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبہ و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹرٹیجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالبات کو "آپریشن بُنیان مرصوص” میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کرنے پر پاک افواج کی حکمت عملی اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ "آپریشن بُنیان مرصوص” میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبہ و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹرٹیجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کردیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچاسکتے۔
اس موقع پر جناح ویمن یونیورسٹی کی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو جنگ میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور طالبات نے کہا کہ ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں۔
طالبات کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور اس طرح کے مزید سیشنز منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔