حیدرآباد: بھارتی ریاست کے وزیراعلیٰ کی انوکھی منطق، ریاست تلنگانہ کے سربراہ حکومت کے چندرشیکھر راؤ نے کلاؤڈ برسٹ کو بھی بیرونی سازش ٹھہرادیا۔
کلاؤبرسٹ عموماً مختصر دورانیے کے دوران ہونے والی ان طوفانی بارشوں کو کہا جاتا ہے جو سیلاب اور بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بنتی ہیں، تاہم بھارتی ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ نے کلاؤڈ برسٹ کو بھی بیرونی سازش ٹھہرایا ہے۔
ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر نے طوفانی بارشوں سے متاثرہ گوداوری ریجن کا فضائی جائزہ کیا اور اس دوران رپورٹرز سے بھی گفتگو کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر کے چندر شیکھر راؤ کا کہنا تھا کہ ایک نیا عجیب لفظ ’کلاؤڈ برسٹ‘ سامنے آیا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ کلاؤڈ برسٹ دوسرے ملکوں کی سازش ہے اور دوسرے ممالک کے لوگ جان بوجھ کر ہمارے ملک کے کچھ خاص مقامات پر ایسا کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کا مزید کہنا تھا کہ بیرونی ممالک ماضی میں مقبوضہ کشمیر، لداخ اور اترکھنڈ میں بھی ایسا کرچکے اور اب ہمیں گوداواری ریجن میں اس قسم کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔