حکمراں جماعت آریان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسارہی ہے: کانگریس

ممبئی: بھارتی جماعت نیشنلسٹ کانگریس کے کارکن نواب ملک کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران شواہد پیش کیے جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ بولی وُڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے اور این سی بی کے ذریعے مقدمے میں ہیرا پھیری کی جارہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران کابینہ کے وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف ترجمان نواب ملک نے کہا 2 اکتوبر کی رات جب بحری جہاز پر این سی بی نے چھاپہ ماراتھا، اس وقت آریان خان اور ارباز مرچنٹ کو دو نامعلوم افراد کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان دونوں افراد کے بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر کارکنوں کے ساتھ روابط ہیں۔
نواب ملک نے پریس کانفرنس کے دوران دو ویڈیوز میڈیا کے ساتھ شیئرز کیں جن میں ایک شخص کو آریان کے ساتھ این سی بی کے آفس جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ دوسرا شخص ارباز مرچنٹ کے ساتھ موجود ہے۔ جو شخص آریان کے ساتھ موجود تھا اس نے گرفتاری کے بعد آریان کے ساتھ سیلفی بھی لی تھی۔
کانگریس کے ترجمان نواب ملک نے پریس کانفرنس کے دوران ایک پریذنٹیشن بھی پیش کی جس میں انہوں نے ان تمام شواہد کو دکھایا جو انہوں نے پیش کیے تھے۔ نواب ملک نے کہا گرفتاری کے بعدایک نامعلوم شخص نے آریان کے ساتھ سیلفی لی تھی جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ این سی بی نے اس شخص کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا تعلق ایجنسی سے نہیں۔ ہم نے اس شخص کا سراغ لگایا جس سے معلوم ہوا کہ اس شخص کا تعلق بی جے پی سے ہے اور یہ ایک پرائیویٹ جاسوس ہونے کا دعویدار ہے۔
ترجمان نواب ملک نے مزید کہا کہ جس شخص کو آریان کے ساتھ دیکھا گیا اس کا نام کے پی گوساوی ہے اور جو ارباز مرچنٹ کے ساتھ تھا وہ منیش بھانوشالی ہے اور یہ دونوں بی جے پی کے نمائندے ہیں۔ ان کے بی جے پی رہنماؤں اور نریندر مودی کے ساتھ تصاویر بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب کانگریس پارٹی کے الزامات پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آریان اور ارباز کے ساتھ موجوددونوں افراد آزاد گواہ ہیں۔ اس کے علاوہ این سی بی نے اس معاملے میں مزید کوئی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔

BJPBollywoodIndian National CongressKing KhanShah rukh Khan