نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی ساحل پر حملہ کرنے والے ساجد اکرم کے بھارتی شہری ہونے کا اعتراف کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور ساجد اکرم 1998 میں بھارتی شہر حیدرآباد سے آسٹریلیا منتقل ہوا۔
بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے ذرائع نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ساجد اکرم کا تعلق بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ساجد اکرم کا بیٹا نوید اکرم آسٹریلیا میں پیدا ہوا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھارت کے شہر سڈنی کے بونڈی ساحل پر دو حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور سمیت 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔
بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے کے فوری بعد اسرائیلی میڈیا نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا تھا اور اسرئیلی میڈیا کی دیکھا دیکھی بھارتی میڈیا نے بھی پاکستان کے خلاف زہر اُگلتے ہوئے حملہ آوروں کو پاکستانی قرار دے دیا تھا۔
تاہم پہلے بین الاقوامی میڈیا نے حملہ آور کا تعلق بھارت سے بتایا اور پھر بھارتی میڈیا نے بھی اس بات کا اعتراف کرلیا، جس کے بعد یہ بات ثابت ہوچکی کہ حملہ آور ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ اس کا بیٹا نوید اکرم آسٹریلیا میں ہی پیدا ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ساجد اکرم 1998 میں اسٹوڈنٹ ویزے پر آسٹریلیا منتقل ہوا اور اسے 2001 میں پارٹنر ویزا ملا۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے بھی حملہ آور ساجد اکرم سے متعلق معلومات کے لیے بھارتی انٹیلی جنس اداروں سے رابطہ کیا ہے۔