کابل: بھارت کے معروف فوٹو جرنلسٹ اور برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے منسلک دانش صدیقی قندھار میں افغان فوج اور طالبان کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دانش صدیقی افغان فورسز کے ساتھ رہ کر اس وقت وہاں جاری لڑائی کے بارے میں فوٹو اور اطلاعات فراہم کررہے تھے۔ گزشتہ رات جب افغان طالبان نے افغان فوج کو نشانہ بنایا تو وہ بھی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
دہلی میں ان کے والد پروفیسر اختر صدیقی نے جرمن خبر رساں ادارے سے بات چیت کے دوران تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دانش تقریبا دس روز قبل ہی کوریج کے لیے افغانستان گئے تھے، وہ نہایت ہی فرض شناس تھے۔ اپنے کام کے لیے نہایت پرعزم تھے۔
ایک سوال کے جواب میں پروفیسر اختر نے کہا کہ میں اس کے علاوہ کیا کہوں کہ وہ، وہاں اپنا کام کررہا تھا۔ اس سے پہلے بھی دانش نے افغانستان سے رپورٹ کی تھیں اور وہ عراق اور میانمار سے بھی رپورٹنگ کرچکا ہے۔