سوپور: بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں درندگی کی تمام حدیں عبور کرگئی۔ کم سن نواسے کی آنکھوں کے سامنے بزرگ نانا کو گاڑی سے اتار کر گولی مار کر شہید کردیا۔
ضلع بارہ مولا کے شہر سوپور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں بھارتی فوج نے بزرگ کشمیری کو شہید کردیا۔ خون میں لت پت نانا کی لاش کے قریب روتے والے معصوم عیاد کو کون بتائے کہ اسے گود میں اٹھا کر پیار کرنے والا اس کا نانا بشیر احمد بھارتی درندگی کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔
شہید بشیر کی موت کی خبر اہل خانہ پر بجلی بن کر گری۔ شہید بشیر کے بیٹے نے بتایا کہ اس کے والد کو گاڑی سے اتار کر بھارتی فوجیوں نے گولی ماری۔ بھارتی فوجیوں نے لاش کی بے حرمتی بھی کی۔ بزرگ کشمیری کی لاش اور معصوم عیاد کی سسکیاں دنیا کے منصفوں سے مجسم سوال ہیں۔
بھارتی فوجیوں کی سفاکیت کے بعد ٹوئٹر پر سوپور ٹرینڈ کرنے لگا، لوگ بھارتی سفاکیت کی مذمت کررہے ہیں۔
دوسری جانب قابض فوج نے 2 نوجوانوں کو ضلع راجوڑی کے علاقے کیری میں سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کردیا، علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔ ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔ تین روز کے دوران شہدا کی تعداد 7 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس نے جون میں ہونے والی بھارتی سفاکیت کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مہینے میں 54 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، شہدا میں دو بچے بھی شامل تھے۔ 82 افراد کو گرفتار کیا گیا، 29 کشمیری بھارتی فوج کی گولیوں سے زخمی بھی ہوئے، دو خواتین بیوہ ہوئیں، 5 بچے یتیم ہوئے اور کشمیریوں کے 25 گھروں کو تباہ بھی کیا گیا۔