بلاول کے آئینہ دکھانے پر بھارتی وزیر خارجہ آپے سے باہر

نئی دہلی: پاکستان کے نوجوان وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آئینہ دکھانے اور اصلیت دنیا کے سامنے لانے پر بھارتی وزیر خارجہ آپے سے باہر ہوگئے اور بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کرڈالی۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں وہی سلوک کیا گیا جو دہشت گردی کو فروغ دینے والے ملک سے کیا جاتا ہے۔

جے شنکر نے صحافی کے سوال پر کھسیاتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ تھا اور رہے گا، سری نگر سے پاکستان کا تعلق پہلے تھا اور نہ آئندہ ہوگا، پاکستان کے وہاں جی ٹوئنٹی اجلاس کے انعقاد پر اعتراض کو بھارت کوئی اہمیت نہیں دیتا۔

انہوں نے من گھڑت الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ ملک دہشت گردی کے سہولت کار ملک کے ساتھ بیٹھ کر دہشت گردی کے معاملے پر بات نہیں کرسکتے۔ ہم دہشت گردی کے معاملے پر سفارتی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کررہے بلکہ سفارتی سطح پر پاکستان کی اصلیت سامنے لارہے ہیں جس کا ہمیں حق ہے۔

قبل ازیں بلاول بھٹو نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دہشت گردی کے معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ نہ کرے اور اگر واقعی سنجیدہ ہے تو پھر مل کر اقدامات کرے۔

وطن واپس پہنچنے کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت جاکر بی جے پی، ہندوتوا اور آر ایس ایس کے حوالے سے دنیا کو حقیقت بتائی اور ان کا اصل چہرہ سامنے لایا، بی جے پی کا بس چلے تو وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دے دے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں ایک تنظیم نے میرے سر کی قیمت مقرر کی ہوئی ہے جسے یہاں سیاسی جماعت کا درجہ حاصل ہے۔

Fascist BJPIndian Foreign MinisterPakistani foreign Minister Bilawal BhuttoShangai cooperation organization summutShow mirror to India