مظفرآباد: بھارت نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی گاڑی پر ہی فائرنگ کرڈالی، تاہم افسران بال بال بچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر چڑی کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں اقوام متحدہ کے دو فوجی مبصرین موجود تھے جو بھارتی فائرنگ کے متاثرین سے ملنے پولاس گاؤں جارہے تھے۔
بھارتی فوج کی فائرنگ سے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم گاڑی میں موجود اقوام متحدہ کے دونوں فوجی مبصرین محفوظ رہے جنہیں پاک فوج نے بحفاظت راولاکوٹ منتقل کیا۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے بھی بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے پولاس سیکٹر پر بھارتی فوج نے اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم یو این او کی گاڑی کو نقصان پہنچا جب کہ یو این کے افسران نے پاک فوج کی چیک پوسٹ میں پناہ لی۔