مقبوضہ کشمیر، قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 2 نوجوان شہید

سری نگر: بھارتی ظلم و جبر کا سلسلہ مقبوضہ کشمیر میں رُک نہیں سکا ہے، قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع کولگام اور سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، جس کے بعد کل سے اب تک شہید نوجوانوں کی تعداد 3 ہوچکی ہے۔
بھارتی فوج کے اہلکار ضلع کلگام میں آج صبح گھر گھر تلاشی کے دوران چادر اور چہار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس گئے اور اندھادھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہوگیا جب کہ سری نگر میں جعلی پولیس مقابلے میں ایک اور نوجوان کو شہید کردیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کی شہادت کے بعد سری نگر اور دیگر علاقوں میں ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن جاری ہے، علاقے میں کسی بھی احتجاج سے بچنے کے لیے انٹرنیٹ اور موبائل سروس کو بند کردیا گیا ہے۔

Indian armyoccupied Kashmirtwo kashmiries martyred